تشریح:
(1) بعض روایات میں مزید ذکر ہے کہ اسی دن آدم علیہ السلام فوت ہوئے اور اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ کیا ان واقعات کا تعلق بھی جمعے کی فضیلت سے ہے یا انھیں ویسے ذکر کر دیا گیا ہے؟ علماء نے دونوں پہلو اختیار کیے ہیں۔ اگر یہ واقعات فضیلت سے متعلق ہیں تو اخراج آدم اس لیے فضیلت کا سبب ہے کہ ان کا اخراج انبیاء و رسل علیہم السلام کی بعثت کا سبب بنا اور ان کا وجود انسانی فضیلت کا باعث ہے۔ اسی طرح وفات آدم اور قیامت کا واقع ہونا، اللہ تعالیٰ کی ملاقات، دخول جنت اور حصول کرامت کا سبب ہیں۔
(2) ”جمعے کا دن افضل ہے یا عرفے کا دن؟“ علمائے کرام اس کی بابت فرماتے ہیں کہ ہفتے کے دنوں میں سے جمعہ افضل ہے اور سال کے دنوں میں سے عرفے کا دن افضل ہے۔ اس لحاظ سے عرفہ جمعے سے افضل ہے کیونکہ جمعہ بھی تو سال کے دنوں میں شامل ہے، علاوہ ازیں عرفے کا اجتماع جمعے کے اجتماع سے بہت بڑا ہوتا ہے اور مومنین کا اجتماع جتنا بڑا ہو، ثواب اور فضیلت اسی قدر زائد ہوتی ہے، البتہ جمعے کے دن سب اجتماعات جمعہ کو ملایا جائے تو وہ یقیناً عرفے سے بہت بڑھ جاتے ہیں۔ اس دن میں ہونے والے اہم واقعات، مثلاً: خلق آدم وغیرہ مزید فضیلت کا تقاضا کرتے ہیں، لہٰذا قطعیت سے کوئی ایک بات کہنا مشکل ہے۔ واللہ أعلم۔