تشریح:
(1) اس واقعے کی تفصیل کسی حدیث میں ذکر نہیں۔ اغلب گمان یہ ہے کہ ارادۂ طلاق مراد ہے ورنہ طلاق دی ہوتی تو حرم نبوی کے بارے میں ایسی خبر اتنی گمنام نہ رہتی بلکہ مدینہ میں دھوم مچ جاتی۔ آپ نے ایک مہینے کے لیے الگ رہنے کی قسم کھائی تھی تو اسی صبح مدینہ منورہ اور مسجد نبوی کے درودیوار لوگوں کی چیخوں سے گونج اٹھے تھے۔ یہ سانحہ تو مخفی رہ ہی نہیں سکتا تھا۔ کسی حدیث کے معنیٰ متعین کرنے کے لیے واقعاتی شہادت کا لحاظ بھی ضروری ہے۔
(2) باب کا مقصد یہ معلوم ہوتا ہے کہ طلاق کے بعد رجوع مشروع ہے۔ جس طرح خاوند کے بارے میں خود مختار ہے‘ اسی طرح رجوع کے بارے میں بھی خود مختار ہے۔ رجوع کے لیے عورت کی رضا مندی ضروری نہیں‘ البتہ تیسری طلاق‘ لعان اور خلع کے بعد رجوع نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح جس عورت کو جماع سے پہلے طلاق ہوجائے اس سے بھی رجوع ممکن نہیں