تشریح:
تقدیر اللہ عز وجل کے ازلی وابدی علم کا نام ہے اور ہرشخص کے بارے میں ریکارڈ ہو چکا ہے کہ کو ن کہاں جانے والا ہے، جنت میں یا دوزخ میں۔ اللہ عزوجل کا یہ علم ازلی غلط نہیں ہوسکتا۔ وہ علیم وخبیر ہےاس کے علم میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں۔ مگر کوئی اس مستقبل کے ریکارڈ کو اپنے لئے عذر بنا لے۔۔۔۔۔ حالانکہ اس کو خبر نہیں کہ کیا لکھا ہے تو یہ لغو محض ہے، تعجب ہے کہ لوگ شرعی تکلیفات میں تقدیر کو بہانہ بناتے ہیں، مگر اپنی ہوا وہوس کے معاملات میں سر توڑ محنت اور کوشش کرتے ہیں اور ان سے باز نہیں رہتے۔ آخرت کے انجام کے سلسلے میں اس دنیا میں ایک علامت ضرور رکھی دی گئی ہے کہ نیکی کا عزم رکھنے والے اور اس میں محنت کرنے والے نیکی کے احوال وظروف کی تائید ملتی رہتی ہے۔ ایسے شخص کے بارے میں امید کرنی چاہیے کہ اس کی عاقبت بھی بفضل اللہ عمدہ ہو گی۔ اور جو شخص بد عملی میں ملوث اور اس کے لئے سر گرداں ہو، اسے انہی مقاصد کے لئے احوال کی تائید مہیا ہو جاتی ہے۔ باوجودیکہ سب کچھ پہلے سے ریکارڈ کر لیا گیا ہے، لیکن انسان خود اس کے متعلق بالکل بے خبر ہے، وہ اپنی مرضی سے اپنی راہ خود چنتا ہے اور خود اس پر چلتا ہے۔ اب یہ اس کا اپنا فیصلہ اوراختیار ہے کہ وہ کونسی راہ اپناتا ہے۔ اللہ تعالی نے فر مایا ہم نےانسان کو رستے کی رہنمائی کردی ہے خواہش کر گزار بن جائے یا نا شکرا اور فرمایا ہم نے انسان کو ادھر ہی پھیر دیتے ہیں جدھر کا رخ کرتا ہے۔