تشریح:
فائدہ:
الحبة السوداء سے کیا مراد ہے؟ یہ ایک اہم علمی سوال ہے۔ قدماء میں سے مختلف لوگوں نے مختلف اشیاء کا نام لیا ہے ۔ برصغیر پاک و ہند میں اس پر تقریباً اجماع ہے کہ حبۃ السوداء سے مراد کلونجی ہے۔ لیکن عرب اس کا اطلاق شونیز (Black Cumin، زیرہ سیاہ) پر کرتے ہیں۔ اوپر کی حدیث میں یہ تعبیر امام زہری کے شاگرد امام عقیل (بن خالد) نے ان کے حوالے سے بیان کی ہے یہ قدیم ترین شہادت ہے کہ الحبۃ السوداء کے لفظ کا اطلاق اس دور میں شونیز پر ہوتا تھا۔ آج کل کے عرب ماہرین طب نے مختلف پہلوؤں سے تحقیق کرتے ہوئے ’’الحبۃ السوداء‘‘ پر کتابیں بھی لکھی ہیں۔ یہ سب بھی اس سے مراد شونیز زیرہ سیاہ (Black Cumin) ہی لیتے ہیں۔ حافظ ابن حجررحمۃ اللہ علیہ نے بھی الحبۃ السوداء کے بارے میں مختلف اقوال نقل کرنے کے بعد امام قرطبی کا حوالہ دیتے ہوئے اسی بات کو ترجیح دی ہے۔ (فتح الباري :10/ 180) خود عرب الحبۃ السوداء کو الکمون الاسود بھی کہتے ہیں۔ (الحبة السوداء، للدكتور محمد علي الباز:19) قدیم زمانے سے مسلمان اطباء اسے ادویات میں استعمال کر رہے ہیں۔ جوارش کمونی کا بنیادی جو الکمون الاسود یا کالا زیرہ ہی ہے۔ اگر واقعتاً الجبة السوداء سے مراد کلونجی ہوتی تو یہ لازماً صدیوں سے مسلمان، بالخصوص عرب اطباء کے نسخوں میں استعمال کی جاتی جبکہ اس بات کی کوئی علمی شہادت موجود نہیں۔ یہ بات بھی ملحوظ خاطر رہے کہ الکمون الاسود (Black Cumin) یا کالے زیرے کو آج بھی بہت سے عرب ممالک میں ’’الحبة البرکة‘‘ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ یہ اس علمی بحث کا محض ایک خلاصہ ہے۔ واللہ اعلم بالصواب