تشریح:
فوائدومسائل
تَرْجِيْع: تکرار یا دہرانے کو کہتے ہیں۔ اشعار گانے والے بعض اوقات آوازیں بدل کر مصرعوں یا چھوٹے ٹکروں کو د ہراتے ہیں، عرفِ عام میں اسے ترجیع کہا جاتا ہے۔ لیکن قرآن مجید میں ایسی ترجیع قرآن کے ادب کے سخت خلاف ہے۔ یہ قرآن کے اصل آہنگ کو بگاڑنے کے مترادف ہے۔ بعض قرّاء حضرات اس بات کا مظاہرہ کرنے کے لئے کہ ان کی سانس لمبی ہے، آیات دہراتے ہیں۔ چاہے وہ قرآن کے اصل آہنگ کو بر قرار رکھیں تو بھی یہ تکلف ہے اور سنجیدہ اہلِ علم کے نزدیک نا مناسب ہے۔ قرآن مجید کی ترجیع کا مطلب یہ ہے کہ جن آوازوں میں مد ممکن ہے، جیسے ’’الف‘‘ جس سے پہلے فتحہ (زبر) ہو یا ’’ و‘‘ جس سے پہلے ضمہ (پیش) ہو یا ’’ ی‘‘ جس سے پہلے کسرہ (زیر) ہو، ان میں آواز لمبی کرتے ہوئے فطری زیروبم کو روا رکھا جائے۔