تشریح:
حضرت ابو مسعود ؓ کے علاوہ متعدد صحابۂ کرام ؓ سے یہ روایت منقول ہے۔ حضرت جابر بن عبداللہ ؓ سے صحیح مسلم میں، حضرت عبداللہ بن عمروؓ، حضرت نعمان بن بشیرؓ، حضرت قبیصہ ہلالیؓ اور حضرت ابو ہریرہ ؓ سے سنن نسائی میں، حضرت عبداللہ بن مسعودؓ، حضرت سمرہ بن جندبؓ اور حضرت محمود بن لبید ؓ سے مسند امام احمد میں، حضرت عقبہ بن عامرؓ اور حضرت بلال ؓ سے معجم طبرانی میں حدیث کے مذکورہ الفاظ مروی ہیں۔ ان روایات سے قطعی طور پر اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حقیقت پر مبنی بات ارشاد فرمائی ہے۔ ان الفاظ سے ان لوگوں کا جھوٹ ثابت ہوتا ہے جو کہتے ہیں کہ سورج یا چاند کے گرہن میں کسی کی موت و حیات کا دخل ہے۔ (فتح الباري:703/2)