تشریح:
بعض حضرات کا موقف ہے کہ فوت شدہ عورت کے بال ویسے ہی چھوڑ دیے جائیں، انہیں گوندھنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ ایک زینت ہے اور میت کو اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت ام عطیہ ؓ نے ازخود اس کی تین چوٹیاں بنائی ہیں۔ یہ ان کا اپنا فعل ہے، اسے رسول اللہ ﷺ کی تقریر حاصل نہیں۔ لیکن اس موقف کی کوئی اصل نہیں، کیونکہ حضرت ام عطیہ ؓ نے کوئی کام بھی رسول اللہ ﷺ کے حکم کے بغیر نہیں کیا، چنانچہ سعید بن منصور نے اس روایت کو بایں الفاظ بیان کیا ہے، حضرت ام عطیہ ؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا: ’’اسے طاق مرتبہ غسل دو اور اس کے بالوں کی مینڈھیاں بنا دو۔‘‘ امام ابن حبان ؒ اپنی صحیح میں فرماتے ہیں کہ حضرت ام عطیہ ؓ کی روایت بیان کی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں حکم دیا: ’’اسے تین بار یا پانچ بار یا سات بار غسل دو اور اس کے بالوں کی تین چوٹیاں بنا دو۔‘‘ (صحیح ابن حبان (الإحسان) : 15/5، حدیث: 3022، و فتح الباري: 172/3) اس بنا پر فوت شدہ عورت کے بال گوندھنا اور ان کی مینڈھیاں بنانا نہ صرف جائز بلکہ مستحب ہے۔ والله أعلم۔