تشریح:
(1) حدیث میں جس رونے سے منع کیا گیا ہے وہ میت پر واویلا کرتے ہوئے رونا دھونا ہے۔ جب کوئی ایسی نشانی ظاہر ہو جس کی وجہ سے مریض کے زندہ رہنے کی امید نہ ہو تو ایسے حالات میں افسوس کرنا اور آنسو بہانا جائز ہے بصورت دیگر مریض کو تسلی دینی چاہیے۔ (2) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ آنکھ کے آنسو اور دل کے رنج و صدمہ پر مؤاخذہ نہیں کرے گا، البتہ زبان سے بے جا کلمات نکالنے اور غیر مشروع نوحہ کرنے پر ضرور مؤاخذہ ہو گا اور اس طرح رونے دھونے پر میت سے بھی باز پرس ہو گی بشرطیکہ وہ وصیت کر گیا ہو یا انہیں روک سکتا تھا لیکن انہیں روکے بغیر ہی دنیا سے چل بسا، لہذا ہمیں اس پہلو سے خبردار رہنا چاہیے۔ حافظ ابن حجر ؒ کی تصریح کے مطابق یہ واقعہ حضرت ابراہیم ؓ کی وفات کے بعد کا ہے، کیونکہ اس موقع پر حضرت عبدالرحمٰن بن عوف ؓ ہمراہ تھے اور انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے آبدیدہ ہونے پر کوئی اعتراض نہیں کیا، کیونکہ انہیں پہلے علم ہو چکا تھا کہ مطلق رونے پر کوئی وعید نہیں، جبکہ ابراہیم ؓ کی وفات کے موقع پر آپ نے اعتراض کیا تھا۔ (فتح الباري: 324/3)