تشریح:
حافظ ابن حجر ؒ نے زین بن منیر کے حوالے سے امام بخاری ؒ کا مقصد بایں الفاظ بیان کیا ہے کہ نفاس میں مرنے والی عورت کو اگرچہ شہداء میں شمار کیا گیا ہے، پھر بھی اس کی نماز جنازہ مشروع ہے، لیکن شہید معرکہ کا معاملہ اس کے برعکس ہے۔ (فتح الباري:257/3) شہید معرکہ کی نماز جنازہ بھی مشروع ہے لیکن ضروری نہیں، جیسا کہ آگے بیان ہو گا۔ اگر عورت دوران نفاس میں مر جائے تو اس کا جنازہ پڑھنا چاہیے اگرچہ وہ خود اس حالت میں نماز نہیں پڑھ سکتی تھی، کیونکہ مرنے کے بعد نفاس کے احکام ختم ہو جاتے ہیں۔ مرد اور عورت کے جنازے میں امام کو کہاں کھڑا ہونا چاہیے، اس کی وضاحت آئندہ ہو گی۔