تشریح:
(1) ایک روایت میں ہے کہ مسلمان سے جب قبر میں سوال کیا جاتا ہے تو وہ کلمہ شہادت پڑھتا ہے، اس آیت کریمہ کا یہی مطلب ہے۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث:4699) ایک طویل روایت میں ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ عذاب قبر سے پناہ طلب کیا کرو، کیونکہ جب اس میں میت کو دفن کیا جاتا ہے تو اس میں روح کا اعادہ کیا جاتا ہے، پھر اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں جو اسے بٹھا کر سوال کرتے ہیں کہ تیرا رب کون ہے؟ مومن جواب دیتا ہے: میرا رب اللہ ہے۔ وہ دریافت کرتے ہیں: تیرا دین کیا ہے؟ وہ بتاتا ہے: میرا دین اسلام ہے۔ پھر وہ سوال کرتے ہیں کہ جو آدمی تمہاری طرف مبعوث ہوا اس کے متعلق تیرا خیال ہے؟ وہ بتاتا ہے کہ وہ اللہ کے رسول اور فرستادہ ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہ تجھے یہ معلومات کہاں سے حاصل ہوئیں؟ تو وہ جواب دیتا ہے کہ میں نے اللہ کی کتاب قرآن عظیم کو پڑھا تو میں نے اس پر یقین کیا اور اسے سچا خیال کیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ وہ قول ثابت کے ذریعے سے انہیں ثابت قدم رکھتا ہے، اس کا یہی مطلب ہے۔ اس کے بعد جب کافر کو بٹھا کر سوال کیے جاتے ہیں تو وہ جواب میں کہتا ہے: ہائے افسوس! مجھے کوئی علم نہیں ہے۔ (سنن أبي داود، السنة، حدیث:4753، و فتح الباري:297/3، 298) (2) کرمانی نے کہا کہ اس آیت کریمہ میں عذاب قبر کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ شاید مومن کے قبر میں احوال کو عذاب کہا گیا ہے اور تخویف و انذار کے لیے کافر کے فتنے کو مومن کے فتنے پر غلبہ دیا ہے یا فرشتوں کا قبر میں آنا ہی مومن کو ہیبت میں ڈالتا ہے مومن کے لیے یہی عذاب قبر ہے۔ (فتح الباري:293/3)