تشریح:
(1) جب آدمی ادائے مناسک کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو تو احرام باندھتے وقت حج یا عمرے کا تعین کرنا چاہیے، پھر حج کی نیت ہو تو اس بات کا بھی اظہار ہونا چاہیے کہ کون سا حج کرنا ہے: حج افراد، تمتع یا قران۔ مبہم احرام جائز نہیں۔ (2) حج کے احرام کو عمرے میں بدلنا بھی اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے لیکن جمہور کے نزدیک یہ حکم منسوخ ہے۔ ایسا کرنا اس وقت تھا جب احکام پوری طرح واضح نہ تھے۔ اب جبکہ دین اسلام کی تکمیل ہو چکی ہے تو بامر مجبوری ہی ایسا کیا جا سکتا ہے لیکن عام حالات میں حج کے احرام کو عمرے میں تبدیل کرنا صحیح نہیں، البتہ حضرت ابن عباس ؓ کا موقف ہے کہ یہ حدیث محکم ہے اور اب بھی ایسا کیا جا سکتا ہے۔ امام احمد ؒ نے اسی موقف کی تائید کی ہے۔ (فتح الباري:544/3) واللہ أعلم