تشریح:
(1) اس حدیث سے ثابت ہوا کہ رات کے وقت عورتیں، مردوں کے ہمراہ طواف کر سکتی ہیں، وہ بھی اس صورت میں کہ انہیں شناخت نہ کیا جا سکے، البتہ بیت اللہ میں ان کے ہمراہ داخل نہ ہوں۔ (2) مطاف کا دائرہ وسیع تھا، حضرت عائشہ ؓ ایک طرف الگ رہ کر طواف کرتیں اور مرد بھی طواف کرتے رہتے جبکہ ابن ہشام نے بالکل اس طرح طواف کرنے پر پابندی لگا دی تھی کہ مردوں کے طواف کرتے وقت عورتیں طواف نہ کریں۔ آج کل تو حکومت سعودیہ نے مطاف کو اس قدر وسیع اور آرام دہ بنا دیا ہے کہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ اب تو عورتوں کے لیے کوئی مسئلہ ہی نہیں، پھر بھی بعض لوگ اپنی عورتوں کو مردوں میں داخل کر دیتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ عورتوں کو مردوں سے الگ رکھیں۔ (3) بہرحال امام بخاری ؒ کا مقصد ہے کہ عورتیں مردوں کے ہمراہ طواف کر سکتی ہیں لیکن ان کا اختلاط ممنوع ہے، ان سے ایک طرف ہو کر انہیں طواف کرنے کی اجازت ہے۔ ایسا کرنا محض تکلف ہے کہ جب مرد طواف کریں تو عورتوں کے لیے اور جب عورتیں طواف کریں تو مردوں کے لیے طواف کرنے پر پابندی ہو، البتہ مردوں اور عورتوں کا اختلاط کسی حالت میں درست نہیں۔