تشریح:
(1) اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’میں نے اپنی ہدی کو قلادہ پہنا دیا ہے۔‘‘ "ھدي" کا لفظ اونٹ اور گائے دونوں کو شامل ہے اور رسول اللہ ﷺ نے دونوں قسم کے جانوروں کو "هدي" بنایا تھا۔ اس سے عنوان ثابت ہوتا ہے، یعنی قربانی کے اونٹوں اور گایوں کے لیے ہار تیار کرنا ثابت ہوا۔ (2) اونٹ کا ذکر تو عام احادیث میں آتا ہے، گائے کے متعلق بھی حدیث میں ہے کہ نحر کے دن نبی ﷺ نے اپنی بیویوں کی طرف سے گائے ذبح کی تھی لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ آپ اسے مدینہ طیبہ سے لے کر گئے تھے۔ بہرحال قربانی کے جانوروں کے لیے ہار وغیرہ تیار کرنا ثابت ہے۔ (فتح الباري:687/3) (3) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عائشہ ؓ خود اپنے ہاتھوں سے ہار تیار کرتی تھیں، اس لیے عورتوں کے لیے اس قسم کے صنعت و حرفت کے کام کرنا کوئی معیوب نہیں۔ آج کل کے نام نہاد شرفاء ایسے کاموں کو عورتوں کے لیے اچھا خیال نہیں کرتے۔ یہ ان کی کور ذوقی اور کم فہمی کی علامت ہے۔ واللہ أعلم