تشریح:
(1) قربانی کے جانور کو قلادہ پہنانے کی دو حالتیں ہیں: ٭ آدمی حج کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اور قربانی کا جانور ساتھ لے کر جانے کا پروگرام ہو تو احرام کے وقت انہیں قلادہ پہنائے اور ان کا اشعار کرے۔ ٭ صرف قربانی کا جانور بھیجنے کا ارادہ ہو، حج کرنے کا پروگرام نہ ہو، ایسی صورت میں اپنے گھر سے انہیں قلادہ پہنا دے اور اشعار کرے، اس پر کوئی اضافی پابندی عائد نہیں ہو گی۔ (2) حضرت ابن عباس ؓ کے موقف کی بنیاد محض قیاس تھا جسے حضرت عائشہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے عمل سے رد کر دیا۔ لوگوں نے بھی حضرت عائشہ ؓ کے موقف سے اتفاق کیا اور حضرت ابن عباس ؓ کے فتوے کو ترک کر دیا۔ علاوہ ازیں حضرت ابن عمر ؓ سے بھی منقول ہے کہ وہ جب اپنی قربانی مکہ مکرمہ بھیجتے تو محرم انسان کی طرح پرہیز کرتے تھے، البتہ تلبیہ نہیں کہتے تھے۔ (المصنف لابن أبي شیبة:120/5) امام بیہقی بیان کرتے ہیں کہ سب سے پہلے ام المومنین حضرت عائشہ ؓنے اس مسئلے میں لوگوں کو اندھیرے سے نکالا اور انہیں سنت کی راہ دکھائی۔ (السنن الکبرٰی للبیھقي:234/5، وفتح الباري:690/3)