تشریح:
(1) منحر وہ جگہ ہے جہاں رسول اللہ ﷺ نے قربانی ذبح کی تھی۔ وہ مقام جمرہ عقبہ کے پاس مسجد خیف کے قریب تھا، تاہم منیٰ میں ہر جگہ قربانی کی جا سکتی ہے جیسا کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے: ’’میں نے اس جگہ قربانی کی ہے لیکن منیٰ سارا ہی قربان گاہ ہے۔ تمہیں اپنے خیموں میں بھی قربانی کرنے کی اجازت ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، الحج، حدیث:2952(1218)) مگر حضرت عبداللہ بن عمر ؓ جذبۂ اتباع سنت سے سرشار تھے، وہ ڈھونڈ کر انہی مقامات پر نماز پڑھتے جہاں رسول اللہ ﷺ نے پڑھی تھی اور اسی مقام پر قربانی کرتے جہاں رسول اللہ ﷺ نے کی تھی۔ (2) حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ عیدگاہ میں قربانی ذبح کرتے تھے۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب آپ مدینہ طیبہ میں قربانی ذبح کرتے تو عیدگاہ کا انتخاب کرتے۔ (فتح الباري:697/3)