تشریح:
(1) جزار اس مزدوری کو کہتے ہیں جو قصاب کو اونٹ ذبح کرنے، کھال اتارنے اور اس کا گوشت بنانے کے عوض دی جاتی ہے۔ چونکہ عرب میں اونٹ کی سری اور پائے مزدوری میں دینے کا رواج تھا اور یہ دونوں قربانی کا حصہ ہیں جو محتاج لوگوں کو فی سبیل اللہ دینے چاہئیں، اس لیے اونٹ کے سری پائے یا کھال بطور مزدوری دینا منع ہے۔ (2) پہلی حدیث میں قربانی کی جھولیں اور کھال تک خیرات کرنے کا بیان ہے۔ دوسری حدیث میں صراحت کے ساتھ قربانی کا کوئی حصہ قصاب کو بطور اجرت دینے کی ممانعت ہے بلکہ اسے معاوضہ اپنی طرف سے دینا چاہیے، تاہم خیرات کے طور پر گوشت وغیرہ قصاب کو دینے میں کوئی حرج نہیں۔ جس طرح قربانی کا گوشت فروخت کرنا منع ہے اسی طرح اس کا کوئی حصہ بطور معاوضہ دینا بھی جائز نہیں۔ واللہ أعلم