تشریح:
(1) وادئ محصب میں قیام کرنا سنت ہے یا نہیں؟ اس کے متعلق علمائے سلف میں اختلاف ہے۔ حضرت عائشہ اور ابن عباس ؓ وہاں پڑاؤ کرنے کو مسنون نہیں سمجھتے تھے کیونکہ رسول اللہ ﷺ وہاں زوال کے بعد صرف آرام کرنے کے لیے اترے تھے۔ وہاں عصرین اور مغربین ادا فرمائی تھیں۔ اس مقام پر پڑاؤ کرنا مناسک حج میں سے نہیں۔ حضرت ابن عمر ؓ وہاں پڑاؤ کرنے کو مسنون کہتے تھے کیونکہ رسول اللہ ﷺ کا وہاں نزول ثابت ہے اور خلفائے راشدین کا بھی اس پر عمل رہا ہے لیکن ان کے نزدیک بھی اس کا حج سے کوئی تعلق نہیں، البتہ اسے ایک الگ سنت قرار دیا جا سکتا ہے۔ (2) ہمارے نزدیک رسول اللہ ﷺ کا وادئ محصب میں پڑاؤ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لیے تھا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو غلبہ دیا جبکہ مشرکین نے اسلام کو نیست و نابود کرنے کے لیے اس مقام پر قسمیں اٹھائی تھیں، اس بنا پر وہاں اترنے کو مستحب قرار دیا جا سکتا ہے جبکہ وہاں سے گزر ہو، البتہ وہاں پڑاؤ کرنے کا مناسک حج سے کوئی تعلق نہیں۔ واللہ أعلم