تشریح:
(1) اس روایت سے امام بخاری ؒ نے ثابت کیا ہے کہ محرم آدمی سانپ کو مار سکتا ہے کیونکہ وہ بھی موذی جانور ہے۔ اس حدیث میں اگرچہ حالت احرام کا ذکر نہیں لیکن ایک روایت میں ہے کہ مذکورہ واقعہ عرفہ کی رات پیش آیا تھا اور عرفہ کی رات تو احرام میں گزاری جاتی ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک محرم کو منیٰ کے مقام پر سانپ مارنے کا حکم دیا تھا۔ (صحیح مسلم، السلام، حدیث:5837(2235)) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حالتِ احرام میں سانپ مارنا جائز ہے۔ (2) ابن منذر نے اس بات پر اجماع نقل کیا ہے کہ محرم آدمی سانپ مار سکتا ہے لیکن بعض حضرات نے چھوٹے سانپوں کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جو نقصان دہ نہ ہوں۔ (فتح الباري:53/4 ،54)