تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ نے پہلے مطلق طور پر وصال سے منع فرمایا، پھر آپ نے صبح تک وصال کرنے کی اجازت دی، اس سے صبح تک وصال کا روزہ رکھنے کا جواز ملتا ہے لیکن صحیح ابن خزیمہ میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ صبح تک وصال کا روزہ رکھتے تھے، آپ کے صحابۂ کرام ؓ نے بھی جب صبح تک وصال کا روزہ رکھنا چاہا تو آپ نے انہیں منع فرما دیا تو کسی نے کہا: اللہ کے رسول! آپ تو ایسا روزہ رکھتے ہیں۔ اس پر آپ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ مجھے کھلا پلا دیتا ہے۔‘‘ (صحیح ابن خزیمة: 281/3) (2) یہ حدیث ظاہری طور پر امام بخاری ؒ کی پیش کردہ حدیث ابو سعید ؓ کے معارض ہے کیونکہ صحیح ابن خزیمہ کی روایت کے مطابق صبح تک وصال کا روزہ رکھنے کی ممانعت ہے جبکہ امام بخاری ؒ کی روایت سے جواز معلوم ہوتا ہے۔ محدثین نے حدیث ابو ہریرہ ؓ جو صحیح ابن خزیمہ میں ہے اسے شاذ قرار دیا ہے۔ (فتح الباري:266/4)