تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اعتکاف کے لیے روزہ شرط نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمر ؓ کو ایک رات کا اعتکاف کرنے کی اجازت دی اور رات روزے کا محل نہیں، البتہ بعض روایات میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں حکم دیا تھا کہ اعتکاف کریں اور روزہ رکھیں لیکن یہ روایات قابل حجت نہیں ہیں کیونکہ ان میں عبداللہ بن بدیل نامی ایک راوی ضعیف ہے۔ (فتح الباري:349/4) اس روایت سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت عمر فاروق ؓ نے صرف ایک رات کا اعتکاف کیا۔ رات کا روزہ شریعت میں منع ہے۔ (2) بعض حضرات کا خیال ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رات کا روزہ منع نہیں تھا۔ لیکن یہ موقف اس لیے غلط ہے کہ حضرت عمر ؓ نے غزوۂ حنین سے لوٹتے وقت آپ سے عرض کی تھی اور اس وقت رات کے روزے کی ممانعت آ چکی تھی۔ (فتح الباري:348/4) البتہ حضرت عائشہ ؓ سے ایک روایت ہے کہ روزے کے بغیر اعتکاف نہیں ہے۔ (سنن أبي داود، الصیام، حدیث:2473) (3) ہمارے نزدیک راجح موقف یہ ہے کہ روزے کے بغیر اعتکاف جائز ہے لیکن روزے کے ساتھ اعتکاف کرنا افضل ہے۔ یاد رہے! اس کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی شخص رمضان کا روزہ تو استطاعت کے باوجود نہ رکھے اور اعتکاف کر لے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص رمضان کے علاوہ اعتکاف کرتا ہے یا رمضان میں روزے کی ہمت نہیں رکھتا تو اس کے لیے جائز ہے۔