تشریح:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ زنا کاری ایک عیب ہے۔خریدار اس عیب کے مطلع ہونے پر اس غلام یا لونڈی کو واپس کرسکتا ہے۔اگرچہ حدیث میں لونڈی کا ذکر ہے لیکن غلام کو اس پر قیاس کیا جاسکتا ہے۔ احناف لونڈی کے متعلق یہ قاعدہ درست کہتے ہیں لیکن غلام کے متعلق اسے تسلیم نہیں کرتے۔ ان کے نزدیک زنا اور بدکاری لونڈی میں عیب ہے غلام میں نہیں کیونکہ لونڈی میں جماع اور طلب ولد مقصود ہے اور زنا کاری اس مقصد میں رکاوٹ کا باعث ہے جبکہ غلام سے مقصد خدمت لینا ہے اور زنا اس خدمت میں مخل نہیں ہوتا۔ ہاں، اگر زنا اس کی مستقل عادت ہوتو یہ ایک عیب ہے۔بہرحال زیرک ودانا اور غیرت مند کے نزدیک بدکاری ایک عیب ہے،خواہ غلام میں ہویا لونڈی میں۔یہاں ایک سوال ہے کہ اس عیب دار چیز کو فروخت کرنا کیسے صحیح ہوسکتا ہے جبکہ حدیث میں ہے کہ مسلمان اپنے بھائی کےلیے وہی چیز پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے،اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ شاید وہ دوسرے شخص کے پاس جاکر اس کی معیت کی وجہ سے بدکاری سے رک جائے کیونکہ بعض اوقات بدکار عورتیں مضبوط اور طاقتور مردوں سے نکاح کرنے کے بعد اس بے حیائی سے رک جاتی ہیں بشرطیکہ نکاح کرنے والا غیرت مند ہو۔یہ بھی ممکن ہے کہ خریدنے والا اس کا آگے کسی سے نکاح کردے یا بذات خود اسے زنا سے بچانے کے لیے کوئی صورت پیدا کردے۔(فتح الباري:486/4) والله أعلم.