تشریح:
(1) فرق، دو صاع کے برابر غلہ ناپنے کا ایک پیمانہ ہے۔ (2) امام بخاری ؒ نے بیع فضولی کا جواز ثابت کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ کوئی شخص دوسرے کی اجازت کے بغیر اس کے مال سے کوئی چیز خرید لے، پھر وہ راضی ہوجائے تو یہ سودا جائز ہے۔ دوسرے شخص کا راضی ہونا ضروری ہے۔ بیع فضولی،نکاح فضولی کی طرح صحیح ہے اور دوسرے شخص کی اجازت پر نافذ ہوجاتی ہے۔ امام بخاری ؒ کا استدلال اس حدیث میں آخری شخص کا بیان ہے کیونکہ اس نے اصل مالک کی اجازت کے بغیر اس کے مملوکہ مال کو کام میں صرف کیا، اس سے نفع کمایا،گائیں خریدیں اور نگہبانی کے لیے ایک چرواہا رکھا، آخر کار اس مزدور نے اسے قبول کرلیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس واقعے کو بطور مدح وثنا کے بیان فرمایا۔ اگر آخری شخص کا یہ عمل ناجائز ہوتا تو وہ اسے اللہ کے حضور کیوں پیش کرتا؟ نیز رسول اللہ ﷺ بھی اس کی وضاحت فرمادیتے۔ (3)اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ہم سے پہلے لوگوں کی شریعت ہمارے لیے حجت ہے بشرطیکہ اس کا کوئی ضابطہ ہماری شریعت کے خلاف نہ ہو اور رسول اللہ ﷺ سے اس پر انکار ثابت نہ ہو، لیکن فکر فراہی کے حاملین کو اس طریق استدلال سے اتفاق نہیں۔ انھوں نے اس حدیث کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ اس قصے سے فقہی اصول مستنبط نہیں کیے جاسکتے، نیز ان کے نزدیک اس حدیث میں بہت عریانی پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ دعا کا یہ طریقہ اسلام کے مزاج کے منافی ہے، پھر اس طرح کی دیگر روایات جن سے دعا کرتے وقت کسی نیک عمل یا کسی زندہ نیک شخص کے وسیلے کا ذکر ہے ان کا انکار کیا ہے اور انھیں شیعہ حضرات کی گھڑی ہوئی کہانی قرار دیا ہے، پھر اس انکار کی بنیاد کوئی علمی اصول نہیں بلکہ ان کی طبع زاد "درایت" ہے۔ اس درانتی سے صحیح احادیث کو کاٹا جاتا ہے۔ (تدبر حدیث:498/1 ) بہر حال ہمارے نزدیک بیع فضولی صحیح ہے اور اعمال صالحہ کو اللہ کے حضور بطور وسیلہ پیش کیا جاسکتا ہے۔قرآن کریم میں بھی اس کا اشارہ ملتا ہے۔ (المائدة:35:5)