تشریح:
(1) اس عنوان کا مقصد یہ ہے کہ مشرکین اور اہل حرب کے ساتھ معاملہ اس عالم رنگ وبو کے باشندوں کی حیثیت سے ان کے حقوق تسلیم کرتے ہوئے کیا جائے گا۔ ہاں، اگر ان سے جنگ کی نوبت آجائے تو ان کے لیے اسلام کا ایک جداگانہ ضابطہ ہے۔ اہل ذمہ اور اہل صلح کے لیے الگ الگ قاعدے ہیں۔ ان کا مال ہمارے اہل اسلام کے مال کی طرح اور ان کا خون ہمارے خون کی طرح محترم ہے۔ مشرک یا کافر کی اہل شرک یا اہل کفر ہونے کی حیثیت سے ان کی گردن مارنے کی اجازت نہیں ہے۔ بہر حال مشرکین وکفار کے بھی حقوق ہیں۔ وہ بھی حق ملکیت رکھتے ہیں،ان سے خریدوفروخت کی جاسکتی ہے لیکن انتہا پسندوں کے خیال کے مطابق مشرک اور کافر جس حالت میں بھی ہو اس کا خون حلال اور مال و آبرو جائز ہے۔ بہر حال اسلام نے کفار ومشرکین کا انسان ہونے کے ناتے سے خیال رکھا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے ایک مشرک سے بکری خریدی جبکہ ہمارے دور کے انتہا پسندوں کے ہاں ایسے حالات میں شاید بکریوں کے ریوڑ کو ذبح کردینا جائز ہو۔ (2) حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں: کفار سے معاملہ داری کرنا جائز ہے مگر ایسا معاملہ درست نہیں جس سے وہ اہل اسلام کے خلاف جنگ کرنے میں مدد حاصل کرسکیں، نیز کافر کی خریدوفروخت صحیح ہے اور وہ اسلامی قانون کے اعتبار سے اپنے اموال کا مالک تسلیم کیا جائے گا۔ اس حدیث کی رو سے کافر سے ہدیہ قبول کرنا بھی جائز ثابت ہوا۔ (فتح الباري:815/4) واضح رہے کہ مذکورہ روایت انتہائی مختصر ہے، تفصیلی روایت آئندہ بیان ہوگی۔ (صحیح البخاري، الھبة، حدیث:2618)