تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نیک نیتی کے ساتھ گری پڑی چیز کو اٹھا لینا بہتر ہے تاکہ وہ ضائع نہ ہو جائے یا کسی غلط آدمی کے ہاتھ نہ لگ جائے، اٹھا لینے کے بعد حدیث کی روشنی میں عمل کیا جائے۔ (2) اہل علم کے درمیان اس روایت کے متعلق اختلاف ہے، امام ابن حزم ؒ کہتے ہیں کہ ایک سال سے زیادہ تشہیر کرنا صحیح نہیں۔ (المحلیٰ لابن حزم:118/7) امام ابن جوزی ؒ کہتے ہیں کہ دیگر احادیث کی روشنی میں جو بات میرے سامنے واضح ہوئی ہے وہ یہ کہ سلمہ بن کہیل راوی نے اس میں غلطی کی ہے، لہذا یہ ثابت ہوا کہ حضرت ابی بن کعب ؓ ایک سال ہی تشہیر کرتے رہے۔ (فتح الباري:99/5) امام منذری ؒ کہتے ہیں کہ کسی محدث یا فقیہ نے تین سال کی تشہیر کا فتویٰ نہیں دیا۔ (نیل الأوطار:49/4) ان روایات میں تطبیق کی یہ صورت ممکن ہے کہ ایک سال تک تشہیر کرنا ضروری ہے۔ اگر مالک نہ ملے تو ایک سال سے زائد تشہیر کرنا تقویٰ کی علامت ہے، واجب نہیں۔ (فتح الباري:99/5) واللہ أعلم