تشریح:
شرائط کے متعلق دو باتیں قابل غور ہیں: ٭ یہ شرائط واجب اور ضروری ہیں یا ان کو پورا کرنا مستحب ہے؟ راجح بات یہ ہے کہ ان شرائط کو پورا کرنا واجب اور ضروری ہے الا یہ کہ فریقین میں افہام و تفہیم ہو جائے۔ ٭ دوسری بات یہ ہے کہ ان شرائط کا تعلق صرف عقد نکاح سے ہے، جیسے مہر کی ادائیگی اور اخراجات وغیرہ یا اس سے مراد وہ تمام شرائط ہیں جو عقد نکاح کے وقت طے پا جائیں؟ اس بارے میں علماء کی دونوں رائے ہیں۔ ہمارا رجحان یہ ہے کہ نکاح کے وقت جو شرائط طے ہو جائیں ان کا پورا کرنا ضروری ہے بشرطیکہ وہ کتاب و سنت کے خلاف نہ ہوں کیونکہ حدیث مطلق ہے، اسے صرف نکاح سے متعلق شرائط کے ساتھ خاص کرنا صحیح نہیں۔