تشریح:
(1) بعض حضرات کا خیال ہے کہ جب کسی سے مزارعت کا معاملہ کیا جائے تو سال مکمل ہونے سے پہلے پہلے مزارع کو بے دخل نہیں کیا جا سکتا، جب اس سال کی فصل اٹھا لے گا تو عقد مزارعت ختم ہو گا، لیکن امام بخاری ؒ نے ثابت کیا ہے کہ اگر زمین کا مالک مزارع سے یہ شرط کر لے کہ میں جب چاہوں گا تجھے بے دخل کر دوں گا تو یہ شرط جائز ہے بشرطیکہ فریقین اسے بخوشی قبول کر لیں۔ (2) اس سلسلے میں امام بخاری ؒ نے عجیب اسلوب اختیار کیا ہے۔ کتاب المزارعہ میں ایک عنوان ان الفاظ میں قائم کیا ہے: (إذ قال رب الارض: أقرك ما أقرك الله) ’’میں تمہیں ٹھہرائے رکھوں گا جب تک اللہ تعالیٰ تمہیں ٹھہرائے گا۔‘‘ اور حدیث کے الفاظ اس طرح ہیں: (نقركم بها علی ذلك ما شئنا) ’’ہم جب تک چاہیں گے تمہیں ٹھہرائے رکھیں گے۔‘‘ اور یہاں عنوان یہ ہے: (إذا شئت أخرجتك) ’’میں جب چاہوں گا تجھے بے دخل کر سکوں گا۔‘‘ اور حدیث میں یہ الفاظ ہیں: (نقركم ما أقركم الله) ’’جب تک اللہ تعالیٰ تمہیں ٹھہرائے گا ہم تمہیں ٹھہرائیں گے۔‘‘ اس سے دو باتوں کا پتہ چلتا ہے: ایک یہ کہ یہودیوں کا سرزمین خیبر سے نکلنا اللہ نے ان کے مقدر میں لکھا ہوا تھا، انہوں نے یہاں سے ضرور نکلنا تھا۔ دوسرا یہ کہ اگر پہلے دن ہی یہ شرط کر لی جائے کہ ہم جب چاہیں گے بے دخل کر سکیں گے اور فریقین رضامندی سے اس شرط کو قبول کر لیں تو ایسا کرنا جائز ہے۔ (3) نیز اگر زمین کا مالک کاشتکار سے کوئی قصور یا خیانت دیکھے تو اسے بے دخل کرنے کا مجاز ہے اگرچہ مزارع اپنا کام شروع کر چکا ہو، مگر جو محنت اس نے کر رکھی ہے اس کا بدل ضرور دینا ہو گا۔ مقصد یہ ہے کہ تمدنی اور معاشرتی امور میں باہمی طور پر معاملات جن شرائط سے طے پا جائیں وہ اگر جائز حدود میں ہوں تو ضرور قابل تسلیم ہوں گے۔