تشریح:
1۔جس شخص کو دشمن کے حالات معلوم کرنے کے لیے بھیجا جائے اسے طلیعة الجیش کہا جاتا ہے۔ایک حدیث کے مطابق اکیلے آدمی کو سفرکرنے کی ممانعت ہے۔وہم ہوسکتا تھا کہ جاسوسی کے لیے بھی اکیلا آدمی نہیں بھیجاجاسکتا۔امام بخاری ؒنے اس وہم کو دور کرنے کے لیے مذکورہ عنوان اور حدیث پیش کی ہے۔چونکہ جاسوسی میں حالات کو صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے،اس لیے مناسب ہے کہ ایک ہی آدمی کا انتخاب کیا جائے۔اسے عام سفر پرمحمول کرنا مناسب نہیں اور اس حدیث سے اکیلے آدمی کے سفرکرنے کا مسئلہ کشید کرنا بھی صحیح نہیں۔اس کی ممانعت اپنی جگہ برقرارہے۔ 2۔یہود مدینہ کی ایک شاخ بنوقریظہ سے رسول اللہ ﷺ نے معاہدہ کررکھا تھا کہ ہم مدینہ طیبہ کا مشترکہ دفاع کریں گے۔جب کفار قریش نے مدینہ طیبہ پر حملہ کیا تو بنوقریظہ نے عہدشکنی کرکے ان کا ساتھ دیا۔جب حالات سنگین ہوگئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے حالات معلوم کرنے کے لیے لوگوں کو آواز دی۔حضرت زبیر ؓنے آگے بڑھ کر اس بھاری بھرکم ذمہ داری کو اٹھایا تورسول اللہ ﷺ نے خوش ہوکر فرمایا:’’زبیر بن عوام میرےمخلص ساتھی ہیں۔‘‘