تشریح:
1۔ان احادیث میں صراحت ہے کہ حضرت عبدالرحمٰن ؓ نے اپنی ہمشیرہ اُم المومنین حضرت عائشہ ؓ کو سواری پر اپنے پیچھے بٹھایا۔ اگرچہ یہ سفر حج سے متعلق تھا تاہم سفر جہاد کو اس پر قیاس کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے۔’’عورتوں کا جہاد حج کرنا ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، الجهاد، حدیث:2875۔2876) اس طرح قیاس کے بغیر ہی عنوان میں بیان کردہ مسئلہ ثابت ہو سکتا ہے۔ 2۔سفر و حضر میں محرم کے ساتھ خلوت جائز ہے اور کوئی بھی عورت اپنے محرم کے ہمراہ سفر کر سکتی ہے خواہ وہ سفر حج و عمرہ ہو یا سفر جہاد نیزوہ اپنے محرم کے ساتھ سواری پر بھی بیٹھ سکتی ہے۔ چونکہ اس طرح کے واقعات دوران سفر میں اکثرو بیشتر پیش آتے رہتے ہیں لہٰذا امام بخاری ؒنے انھیں بیان کردیا ہے۔ آئندہ بہت سے عنوانات اسی قبیل سے ہیں۔