تشریح:
1۔ اس حدیث میں بھی رسول اللہ ﷺکے متعلق قاسم ہونے کا ذکر ہے۔ اور امام بخاری ؒکے استدلال کی بنیاد یہی لفظ ہے کہ رسول اللہ ﷺ خمس کے مالک نہیں بلکہ تقسیم کرنے والے ہیں۔ 2۔ واضح رہے کہ دینی فقاہت اور قیاس کی فقاہت دوالگ الگ چیزیں ہیں۔ دینی بصیرت بلاشبہ اللہ کی عنایت ہے۔ امت مسلمہ کاغلبہ مطلق ہے، خواہ سیاسی طور پر ہو یا دلائل وبراہین کے اعتبار سے ہو۔ یہ ممکن ہے کہ مسلمان سیاسی طورپر کسی وقت کمزور ہوجائیں مگر اپنی اخلاقی اور دینی خوبیوں کی بنا پر عمل و کردار میں ہمیشہ اقوام عالم پر غالب رہیں گے۔ آج اس نازک دور میں جبکہ مسلمان ہر قسم کے زوال کا شکار ہیں مگر بہت سی خوبیوں کی وجہ سے آج بھی دنیا کی تمام قومیں ان کا لوہا مانتی ہیں، قیامت تک یہی حال رہے گا۔ واللہ المستعان۔