تشریح:
1۔کفار قریش شدت عداوت کی بنا پر آپ کو محمد کے نام سے یاد نہ کرتے تھے کیونکہ اس نام سے آپ کی تعریف اور مدح کا پہلو نمایاں ہوتا تھا۔اس کے معنی ہیں بہت اچھی خصلتوں والا۔یہ بات انھیں بہت ناگوارتھی،اس لیے وہ آپ کو محمد کے بجائےمذمم کہتے تھے،حالانکہ آپ کانام مذمم نہیں اور نہ لوگ ہی اس نام سے آپ کو جانتے تھے تو جو کچھ وہ اس نام کے حوالے سے آپ کے متعلق کہتے تھے اللہ تعالیٰ اس کو آپ سے پھیر دیتا تھا،چنانچہ ابولہب کی بیوی کہا کرتی تھی:ہم مذمم سے بغض رکھتے ہیں۔اس کے دین سے انکارکرتے ہیں۔اور اس کے حکم کی نافرمانی کرتے ہیں۔2۔حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں:امام نسائی ؒنے اس حدیث سے استنباط کیا ہے کہ جو شخص ایسا کلام کرے جو طلاق یا فراق کے منافی ہو اور اس سے طلاق کا ارادہ کرے تو طلاق واقع نہیں ہوگی۔ جیسے کسی نے اپنی بیوی سے کہا تو کھا اور اس سے مراد وہ طلاق لیتا ہے تو عورت مطلقہ نہیں ہوگی کیونکہ کھانے کی تفسیر طلاق سے نہیں کی جاسکتی۔ اسی طرح محمد کی تفسیر کسی نے مذمم سے نہیں کی اس بنا پر مذمم کو بُرا بھلا کہنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کوئی حرف نہیں آئے گا۔ (فتح الباري:682/6)