تشریح:
1۔حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے حضرت عثمان ؓ کے محاسن میں سے جیش عسرہ کی تیاری،بئررومہ کی خریداری اورحضرت علی ؓ کے محاسن میں سے بدرواُحد میں حاضری اور قلعہ خیبر کی فتح وغیرہ کا ذکر کیا ہے۔2۔معلوم ہوتا ہے کہ پوچھنے والا کوئی خارجی تھا جو حضرت عثمان ؓ اور حضرت علی دونوں کو بُرابھلا کہتا تھا۔حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے حضرت علی ؓ کی خاندانی شرافت اوررسول اللہ ﷺ سے ان کا قرب بیان کیا،اس کے باوجود خارجیوں نے حضرت علی ؓ کے خلاف بغاوت کی اور ضلالت وگمراہی کا شکار ہوئے۔ایک روایت میں ہے کہ اس شخص نے کہا:حضرت علی ؓ سے بغض رکھتاہوں تو حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے جواب دیا:اللہ تعالیٰ تجھ سے بغض رکھے گا۔ (السنن الکبریٰ للنسائي:138/5۔ رقم:8492۔ وفتح الباري:93/7)