تشریح:
ایک روایت میں ان تعریفی کلمات کا سبب بیان ہوا ہے کہ غزوہ احزاب کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’میرے پاس مشرکین کی جاسوسی کون کرے گا اور ان کے حالات سے مجھے کون آگاہ کرے گا؟‘‘ حضرت زبیر ؓ نے کہا:اللہ کے رسول ﷺ ! اس کام کے لیے میں حاضر ہوں۔آپ نے تین مرتبہ اس خواہش کا اظہار کیا تو حضرت زبیر نے یہی جواب دیا کہ میں مشرکین کے ناپاک عزائم معلوم کروں گا اور آپ تک پہنچاؤں گا۔اس وقت آپ نے یہ تعریفی کلمات ارشاد فرمائے۔(صحیح البخاري، الجھاد، حدیث:2847) اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے وقت میں مدد کرنا دوسرے اوقات کی بہ نسبت زیادہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ کسی کے حالات معلوم کرنے کے لیے ان میں گھس جانا،اپنی جا ن خطرے میں ڈالنا ہے۔