تشریح:
انصار نے رسول اللہ ﷺ اور مہاجرین کو رہنے کے لیے جگہ دی اور جان و مال سے ان کی مدد کی اس وجہ سے عرب کے دوسرے قبائل ان کے دشمن ہو گئے اس لیے رسول اللہ ﷺ نے ان سے بغض رکھنے سے ڈرایا اور ان سے محبت رکھنے کی رغبت دلائی۔ انصار کو جو خصوصیت اور عظمت حاصل ہوئی اس سے دوسروں کے دلوں میں بغض و حسد پیدا ہونا لازمی امر تھا اس لیے آپ نے ان سے محبت کرنے کو جزوایمان ٹھہرایا اور ان سے بغض رکھنے کو نفاق کی علامت قراردیا۔ ویسے تمام صحابہ کرام ؓ اس اعزاز واکرام میں برابر کے شریک ہیں لیکن انصار سے محبت کرنا ان کی ایک نمایاں خصوصیت ہے کیونکہ یہ حضرات اسلام کے اولین مددگار ہیں اس لحاظ سے ان کا بڑا درجہ اور عظم مرتبہ ہے۔