تشریح:
1۔ یہ حدیث ایک گزشتہ حدیث(3758) کے خلاف نہیں جس میں ذکر ہے کہ قرآن مجید چار آدمیوں سے پڑھو۔ وہاں ابوزید اور زید بن ثابت ؓ کی بجائے عبداللہ بن مسعود ؓ اور حضرت سالم کا ذکر ہے کیونکہ اس حدیث میں حضرت انس ؓ قبیلہ انصار کے متعلق بیان کررہے ہیں۔ ایک حدیث میں حضرت ابی ؓ کے بجائے حضرت ابوالدرداء ؓ کا نام ہے۔ (صحیح البخاري، فضائل القرآن، حدیث:5004) اس روایت میں ہے کہ حضرت قتادہ ؓ نے حضرت انس ؓ سے سوال کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں کس کس نےقرآن یا دکررکھا تھا توآپ نے مذکورہ جواب دیا۔ ایک روایت میں ہے کہ ابوزید ؓ جب فوت ہوئے تو ان کا کوئی اہل وعیال نہ تھا اور وہ بدر میں شریک ہوئے تھے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:3996) حضرت انس ؓ کہتے ہیں کہ ان کے مرنے کے بعد ہم ان(کے چھوڑے ہوئے مال) کے وارث بنے تھے۔ (صحیح البخاري، فضائل القرآن، حدیث:5005) 2۔ بہرحال اس حدیث میں حضرت زید بن ثابت ؓ کی فضیلت کا ذکر ہے کہ وہ حافظ قرآن تھے۔