تشریح:
اس حدیث میں ہجرت حبشہ کا ذکر ہے کہ حضرت ام حبیبہ ؓ اور حضرت ام سلمہ ؓ نے حبشے کی طرف ہجرت کی تھی۔ اس کی تفصیل یہ ہے کہ حضرت ام سلمہ ہند بنت ابوامیہ ؓ نے ا پنے شوہر حضرت ابوسلمہ بن عبدالاسد ؓ کے ساتھ پہلی ہجرت کی۔ اورحضرت ام حبیبہ رملہ بنت ابوسفیان ؓ نے اپنے شوہر عبداللہ بن جحش کے ساتھ حبشے کی طرف دوسری ہجرت میں شمولیت کی۔ ان کا شوہر وہاں جاکر عیسائی ہوگیا اور وہیں مرا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ان کے ساتھ نکاح کرلیاتھا۔ شاہ حبشہ نے اپنی سرکردگی میں اس نکاح کو سرانجام دیا۔ اس حدیث سے متعلقہ دیگر مباحث کتاب الجنائز حدیث:1341۔ کے تحت گزرچکے ہیں، انھیں یہاں ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ (فتح الباري:239/7)