تشریح:
1۔ سابقہ ادیان کے مقابلے میں یہ دین انتہائی آسان ہے۔ اس میں ان پا بندیوں کو اٹھالیا گیا ہے جو پہلے لوگوں پر عائد تھیں جیسا کہ بنی اسرائیل میں توبہ کی قبولیت خود کو قتل کرنے پر منحصر تھی۔ لیکن اس امت کی توبہ دل کی شرمندگی اور اعمال صالحہ کے عزم پر مبنی ہے۔ (فتح الباري: 128/1)
2۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ ایک مسلمان کو راحت و سکون کے اوقات میں نہایت نشاط اور مستقل مزاجی سے فریضہ عبادت ادا کرنا چاہیے تاکہ اس کا عمل مستقل بنیادوں پر قائم رہے کیونکہ تھوڑا سا عمل استقلال و ثبات سے کرنا اس عمل کثیر سے کہیں بڑھ کر ہے۔ جس میں انقطاع آجائے۔ (شرح الکرماني:162/1)
3۔ عزیمت اور رخصت دونوں چیزیں دین میں شامل ہیں اسلام کا تقاضا ہے کہ دونوں پر عمل ہو۔ عزیمت کی حالت میں عزیمت پر عمل کیا جائے اور رخصت کے موقع پر اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے ہر ہر موقع پر رخصت کی تلاش بے دینی ہے جبکہ ہر وقت عزیمت کی تمنا بھی حد سے تجاوز ہے ایسا کرنے میں ناکامی کا اندیشہ اور نامرادی کا خطرہ رہتا ہے جیسا کہ پانی کے استعمال پر کوئی عذر مانع ہو تو تیمم کی اجازت ہے ایسے موقع پر پانی کے استعمال پر اصرار کرنا دین میں تشدد ہے جسے اسلام نے پسند نہیں کیا۔ اس حدیث میں میانہ روی کی تعلیم دی گئی ہے۔ ( فتح الباري:128/1)
4۔ استقامت اور میانہ روی کا راستہ بھی انتہائی دشوار ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: ’’سورہ ہود نے مجھے بوڑھا کردیا ہے۔‘‘ ( جامع الترمذي، تفسیر القرآن، حدیث:3297) کیونکہ اس سورت کی آیت نمبر112میں آپ کو استقامت کا حکم دیا گیا ہے یہ ایسی ذمے داری تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اس نے مجھے قبل از وقت بوڑھا کردیا ہے۔‘‘اس لیے حدیث میں ایک دوسری صورت بتائی گئی ہے کہ اگر پورے طور پر سداد اوراستقامت حاصل نہ ہو تو کم ازکم اس کے قریب قریب تو رہو۔ اسی طرح عمل کی توفیق پر خوش ہو جاؤ اور یہ خوشی صرف استقامت ہی میں نہیں بلکہ اس کے قریب رہنے سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ بشارت حوصلہ بڑھانے کا ایک طریق ہے۔ اس سے عابد کی ہمت بلند ہوتی ہے اور اس کے عزم میں ایک نیا ولولہ اور نئی طاقت پیدا ہو جاتی ہے۔
5۔ مشکل کام کو آسان بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ اسے مختلف اوقات نشاط پر تقسیم کردیا جائے مثلاً :اس کا کچھ حصہ صبح کچھ بعد از زوال آفتاب اور کچھ رات کے آخری حصے میں سرانجام دیا جائے کیونکہ یہ اوقات اللہ کی حمد و ثنا اور تسبیح و تہلیل کرنے کے ہیں ان کاموں کے بجا لانے سے دل میں طاقت پیدا ہوتی ہے چونکہ دل انسانی اعضاء کا بادشاہ ہے اگر اس میں طاقت ہوگی تو دیگر اعضاء اپنے اپنے کام میں چست رہیں گے۔ اس طرح کئی اور مشکل کام کرنے میں آسانی رہتی ہے۔ (فتح الباري: 128/1)