تشریح:
جب حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے کوئی کہتا کہ آپ نے حضرت عمر ؓ سے پہلے ہجرت کی ہے تو اس سے ایسے گفتگو کرتے جیسے کوئی غصے سے بات کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ انھیں ان کے والد پر فوقیت نہ دی جائے۔ گویا حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ نے لوگوں کی اس غلط فہمی کا سبب بیان کردیا کہ اصل حقیقت یہ تھی اس سے کچھ لوگوں نے سمجھ لیا کہ میں نے اپنےوالد گرامی سے پہلے ہجرت کی ہے حالانکہ ایسا بالکل نہیں ہوا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے یہ بیعت رضوان کا واقعہ ہے۔ مدینہ طیبہ میں آنے کی بیعت اس سے مقصود نہیں ہے کیونکہ اس وقت حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ کمسن تھے اور بیعت کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ اس کے تین سال بعد غزوہ احد ہوا تو انھیں کم عمر ہونے کی وجہ سے جنگ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔(فتح الباري:320/7)واللہ اعلم۔