تشریح:
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ شرح تراجم بخاری لکھتے ہیں کہ اس عنوان سے امام بخاریؒ ان حضرات کی تردید کرتے ہیں جنھوں نے مذکورہ حدیث سے استدلال کرتے ہوئے ناک کی رطوبت کو ناپاک قراردیا ہے، ان کے استدلال کی بنیاد یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا بذات خود اس کام کو سر انجام دینا صرف مسجد کی نظافت کے پیش نظر نہ تھا، بلکہ آپ مسجد کو نجاست سے پاک کرنا چاہتے تھے، لیکن ممکن ہے کہ امام بخاری ؒ کے پیش نظر ان حضرات کی تردید ہی ہو، کیونکہ امام بخاری نے عام طور پر اپنے تراجم میں ایسی چیزوں کو ملحوظ رکھا ہے اور حضرت ابن عباس ؓ کا اثر بھی شاید اسی مقصد کے پیش نظر ذکر کیا ہو کہ اس سے ان لوگوں کی تردید ہوتی ہے لیکن میرے نزدیک اس کی عمدہ توجیہ یہ ہے کہ امام بخاری ؒ کے پاس ایک حدیث متعدد سندوں سے ہوتی ہے تو وہ ان تمام سندوں کو ایک جگہ ذکر نہیں کرتے بلکہ ان کی عادت ہے کہ ہر روایت کو مستقل عنوان کے تحت ذکر کرتے ہیں اور الفاظ حدیث کی رعایت سے عنوان اور ترجمہ میں تنوع پیدا کر دیتے ہیں اور اصل مقصد اس حدیث کی مختلف سندوں کا ذکرکرنا ہوتا ہے کہ وگرنہ باب البزاق اور باب المخاط دونوں کا مقصد ایک ہی ہے۔ امام بخاریؒ کا مقصد بعض اوقات ابواب نہیں، بلکہ روایات ہوتی ہیں چنانچہ یہاں بھی مقصود ابواب نہیں بلکہ روایات ہیں۔ واللہ أعلم۔