تشریح:
1۔ احابیش سے مراد مختلف قبائل ہیں جنھوں نے قریش سے عہد وپیمان کررکھا تھا، ان میں اکثر قبائل بنوقارہ کے تھے۔ یہ لوگ حدیبیہ کے سال قریش کےہاں مکہ چلے گے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کو بیت اللہ کے طواف سے روکا جائے، رسول اللہ ﷺ نے لوگوں سے مشورہ طلب کیا کہ سیدھا بیت اللہ جانا چاہیے یا احابیش کے بال بچوں پر حملہ کردینا چاہیے؟ حضرت ابوبکر ؓ نے مشورہ دیا کہ آپ منازل احابیش پر حملہ نہ کریں بلکہ سیدھا بیت اللہ کا رخ کریں، ممکن ہے کہ جاسوس کی خبر غلط ہو۔ اگر ہم ان منازل تک چلے گئے تو ہمیں لڑنا پڑے گا۔ آپ یوں خیال کریں کہ ہم نے کوئی جاسوس نہیں بھیجا ہے۔ بہرحال آپ نے حضرت ابوبکر ؓ کا مشورہ قبول کرکے سیدھے بیت اللہ جانے کا حکم دیا۔
2۔ غدیر اشطاط، حدیبیہ کی طرف سے ایک مقام کا نام ہے اورعسفان کی طرف واقع ہے۔ وہاں پانی جمع رہتا ہے۔ بہرحال رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوبکر ؓ کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے لوٹ مار کا ارادہ تر ک کردیا۔