تشریح:
1۔حضرت ابوہریرہ ؓ فتح خیبر میں شریک نہ تھے بلکہ ان کا مقصد یہ ہے کہ جب مسلمانوں نے خیبر فتح کیا کیونکہ حضرت ابوہریرہ ؓ خیبر کے بعد آئے تھے جیسا کہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں اس وقت حاضر ہوا جب مسلمانوں نے خیبر فتح کرلیا تھا۔ (صحیح البخاري، فرض الخمس، حدیث:3136۔) 2۔اس طرح کا ایک واقعہ حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے سامان کا ایک محافظ جسے کرکرہ کہاجاتا تھا وہ مرگیا تو آپ نے اس کے متعلق فرمایا:’’وہ کوٹ کی خیانت کے باعث جہنم میں ہوگا۔‘‘ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر، حدیث:2827۔)3۔اس واقعے کے متعلق بعض نے کہا ہے کہ یہ ایک ہی واقعہ ہے حالانکہ ایسا نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ کو کرکرہ نامی غلام ہوذہ بن علی نے نذرانہ پیش کیا تھا جبکہ مذکورہ حدیث میں مدعم حضرت رفاع نے آپ کو ہدیہ دیا تھا، لہذا یہ دونوں ایک نہیں ہیں۔ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر، حدیث:3074۔) واللہ اعلم۔