تشریح:
1۔مال فے سے مراد وہ مال ہے جو جنگ وقتال کے بغیر مسلمانوں کے ہاتھ آئے۔ مدینہ طیبہ میں یہ وہ اموال تھے جو بنو نضیر کو جلاوطن کرنے کے بعد رسول اللہ ﷺ کو ملے تھے، اسی طرح فدک کی زمین بھی آپ کو بطور فے ہی ملی تھی، کچھ خیبر کی زمینیں بھی اسی طرح آپ کے ہاتھ آئی تھیں۔ 2۔امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو غزوہ خیبر کے عنوان کے تحت اس لیے بیان کیا ہے کہ ان مفتوحہ زمینوں کی حیثیت کھول دیں۔ آپ خیبر کی زمین کو اہل خیبر اور مصالحہ عامہ پرخرچ کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے بعد آپ کے تمام متروکات صدقہ بن گیا، ان پر مالکانہ حقوق قائم کرنا درست نہ تھا جیسا کہ آپ کاارشاد گرامی ہے:’’ہماراکوئی وارث نہیں ہماراترکہ صدقہ ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، الاعتصام بالکتاب والسنة، حدیث:7305۔) ان متروکات سے رسول اللہ ﷺ کے خاندان کی معاشی ضروریات کو پورا کیا جاتا اور جو بچ رہتا اسے مصالح عامہ میں صرف کردیاجاتا۔ 3۔صحیح مسلم میں ہے کہ حضرت علی ؓ اپنے خطبے سے فارغ ہوکر اٹھے اور حضرت ابوبکر ؓ کی بیعت کی، اس طرح حضرت ابوبکر ؓ کی بیعت پر تمام صحابہ کرام ؓ کااجماع ہوگیا۔(صحیح مسلم، فضائل الجھاد، حدیث:4581(1759)) اب جو ان کی خلافت کو صحیح خیال نہ کرے وہ تمام صحابہ کرام اور ان کے اجماعی فیصلے کا مخالف ہے۔ اور درج ذیل آیت کی وعید شدید میں داخل ہے:’’جو مسلمانوں کے راستے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ اختیار کرتا ہے ،ہم اسے ادھر ہی پھیر دیتے ہیں جدھر وہ جانا چاہتا ہے اور قیامت کے دن اسے جہنم میں جھونک دیں گے جو بہت بُرا مقام ہے۔‘‘(النساء:115:4۔) اس روایت کی بنا پر روافض نے حضرت ابوبکر ؓ کے متعلق بڑے غیض وغضب کا اظہار کیا ہے ہم کسی مناسب موقع پر اس کا جواب دیں گے۔باذن اللہ تعالیٰ۔