تشریح:
1۔ قبیلہ خشعم کے لوگوں نے بیت اللہ کی طرز پر ایک بت خانہ تیا رکیا تھا جسے کعبہ یمانیہ اور کعبہ شامیہ کہا جاتاتھا۔ ذوالخلصہ، کعبہ یمانیہ اور کعبہ شامیہ یہ تینوں اس کےنام تھے۔ کعبہ یمانیہ اس لیے کہ اسے یمن میں تعمیر کیا گیا تھا اور کعبہ شامیہ اس لیے کہتے تھے کہ اس کا دروازہ شام کی طرف تھا جیسا کہ لاہور میں دہلی دروازے کا نام اس بناپر ہے کہ وہ انڈیا کے شہر دہلی کی طرف واقع ہے۔
2۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت جریربن عبداللہ ؓ کو اسے توڑنے کے لیے مقرر فرمایا کیونکہ یہ بت خانہ ان کے علاقے میں تھا اوریہ اپنی قوم کے سردار تھے۔ ان کا تعلق قبیلہ بجیلہ سے تھا اور قبیلہ احمس ان کا حلیف تھا، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں کے لیے دعا فرمائی۔ اس کی تفصیل آئندہ بیان ہوگی۔ ان شاء اللہ۔