تشریح:
1۔ صحابہ کرام ؓ جب ثمامہ بن اثال کو قید کر کے مسجد میں لائے تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے اہل خانہ کا تمام کھانا اسے دیا تو اس نے سب کچھ کھا لیا، پھر بھی سیر نہ ہوا لیکن جب وہ مسلمان ہوا تو تھوڑا سا کھانا اس کے لیے کافی ہو گیا۔ صحابہ کرام ؓ نے اس پر اظہار تعجب کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’کافر اپنی سات انتڑیاں بھر کر سیراب ہوتا ہے جبکہ مومن صرف ایک انتڑی بھر کر سیر ہو جاتا۔'‘‘ (سیرة ابن ہشام:238/2۔ وفتح الباري:110/8) حضرت ثمامہ بن اثال ؓ جب عمرہ کر کے واپس آئے اور یمامہ پہنچ کر اہل یمامہ کو حکم نامہ جاری کردیا کہ اہل مکہ کو غلہ نہ بھیجا جائے تو انھوں نے غلہ روک لیا، آخر اہل مکہ نے تنگ آکر رسول اللہ ﷺ کو خط لکھا کہ آپ تو قرابت داری کا حکم دیتے ہیں اور ہم آپ سے صلہ رحمی کے امیدوار ہیں۔ ہمارے ساتھ یہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے؟ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ثمامہ کو لکھا کہ وہ دوسرے لوگوں کو مکہ میں غلہ بھیجنے سے منع نہ کرے، چنانچہ اس نے اپنے دوسرے حکم نامے کے ذریعے سے اس پابندی کو ختم کردیا۔ (فتح الباری:111/8)