تشریح:
1۔ فؤاد دل کے پردے کو کہتے ہیں، اگر پردہ باریک اور نرم ہوگا تو باہر کی نصیحت دل کے اندر جلدی اثر کرے گی۔ اور جب دل کی جھلی سخت ہو گی تو باہر کی نصیحت کا دل میں پہنچنا مشکل ہو گا۔ اس سے معلوم ہوا کہ امر حق اہل یمن کے دلوں میں جلدی اثر کرتا ہے اور وہ حق بات کو جلدی قبول کر لیتے ہیں۔
2۔ امام بخاری ؒ نے قطعی طور پر اہل یمن کے اشعری لوگوں کے متعلق مذکورہ احادیث بیان کی ہیں۔ حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ مدینہ طیبہ میں تھے کہ آپ نے اللہ اکبر کہا اور ﴿إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ﴾ کی تلاوت کی، پھر فرمایا:"تمھارے پاس یمن والے آئے ہیں جن کے دل شفاف اور صاف ستھرے ہیں اطاعت گزاری کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ ایمان تو اہل یمن کا ہے سمجھ داری بھی اہل یمن کی لاجواب ہے اور ان کی دانائی اور حکمت کے کیا کہنے۔" ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "عنقریب تمھارے پاس اہل یمن آنے والے ہیں گویا وہ فائدہ پہنچانے کے اعتبار سے ابر رحمت (رحمت کا بادل) ہیں روئے زمین پر وہ سب سے بہتر ہیں۔'' (مسند أحمد:84/4 والسلسلة الصحیحة للألباني، حدیث:3437)