تشریح:
1۔ رسول اللہ ﷺ کی وفات کے وقت حضرت ابو بکر ؓ مقام سخ سے تشریف لائے تھے جو ان کی بیوی بنت خارجہ کا مسکن تھا۔ انھوں نے وہاں رسول اللہ ﷺ کی اجازت سے رہائش رکھی تھی۔ انھوں نے رسول اللہ ﷺ سے آکر کہا: اللہ تعالیٰ آپ پر دو موتیں جمع نہیں کرے گا۔
2۔ دراصل بعض لوگوں کا خیال تھا کہ رسول اللہ ﷺ عنقریب زندہ ہوں گے اور لوگوں کے ہاتھ کاٹیں گے، پھر آپ کو دوسری موت سے دوچار کیا جائے گا۔ حضرت ابو بکر ؓ نے وضاحت فرما دی کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ اعزاز و اکرام دیا ہے کہ اس نے آپ کو دو موتیں نہیں دیں جس طرح حضرت عزیر ؑ اور کچھ بنی اسرائیل کو دوموتوں سے دو چار کیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ پر جو موت آنا تھی وہ آچکی ہے، اب کوئی دوسری موت نہیں آئے گی۔ ایسے حالات میں اللہ تعالیٰ نے حضرت ابو بکرصدیق ؓ کو حوصلہ دیا کہ وہ خود بھی ثابت قدم رہے اور دوسروں کو بھی حوصلہ دیا۔ واللہ اعلم۔