تشریح:
ایک روایت میں تفصیل ہے کہ رسول ﷺ نے پچاس افراد کے پیدل دستے کا افسر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کو مقرر کیا اور تاکید کی کہ تم نے اپنی جگہ سے نہیں ہٹنا، خواہ تم دیکھو کہ پرندے ہمیں اچک کرلے جارہے ہیں جب تک میں تمہاری طرف کوئی دوسرا پیغام نہ بھیجوں اور اگرتم دیکھو کہ ہم نے دشمن کو شکست دے کر اسے کچل دیا ہے تب بھی یہاں سے مت ہٹنا، جب تک میں تمھیں بلا نہ بھیجوں۔ ابتدا میں مسلمانوں نے کفار کو ماربھگایا۔ میں نے خود مشرک عورتوں کو دیکھا کہ وہ اپنے کپڑے اٹھائے اور پنڈلیاں کھولے بھاگی جارہی تھیں۔ یہ صورت حال دیکھ کر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کے دستے نے کہا: اب غنیمت کا مال اکٹھا کرو تمہارے ساتھی تو غالب آچکے ہیں، اب تم کیا دیکھ رہے ہو؟ حضرت عبداللہ بن جبیرؓ نے کہا: کیا تم وہ بات بھول گئے جو تمھیں رسول اللہ ﷺ نے کہی تھی؟ وہ کہنے لگے: واللہ! ہم تو لوگوں کے پاس جا کر غنیمت کا مال لوٹیں گے۔ جب وہ درہ چھوڑ کر لوگوں کے پاس آگئے تو کافروں نے مسلمانوں پر حملہ کرکے ان کے منہ پھیر دیے اور وہ شکست کھا کربھاگنے لگے۔ ادھراللہ کے رسولﷺ انھیں بلارہے تھے، اس وقت آپ کے ساتھ صرف بارہ آدمی ر ہ گئے تھے۔ کافروں نے مسلمانوں کے ستر آدمی شہید کیے جبکہ بدر کے دن مسلمانوں نے ایک سوچالیس کافروں کا نقصان کیا تھا، سترکوقید اورستر کو قتل کیا تھا۔ (صحیح مسلم، الجھاد والسیر، حدیث:3039)