تشریح:
قرآن مجید میں آ یت تیمم دو مقامات پر ہے ایک سورۃ النساء میں ہے جس کا آغاز یوں ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ لاَ تَقْرَبُواْ الصَّلاَةَ وَأَنتُمْ سُكَارَى.......﴾ (النساء:43/4) دوسری سورۃ المائدہ میں ہے جس کہ ابتدا اس طرح ہوتی ہے:﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا قُمْتُمْ إِلَى الصَّلَاةِ...... ﴾ (المائدہ:5/6) حدیث میں آیت تیمم سے مراد کون سی آیت ہے امام بخاری ؒ کا رجحان یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس سے مراد سورہ مائدہ کی آیت ہے کیونکہ سورہ مائدہ میں آیت تیمم کی تفسیر میں بھی روایت لائے ہیں پھر اس رجحان کی تائید کے لیے ایک دوسری حدیث لائے ہیں جس میں صراحت ہے کہ یہ آیت نازل ہوئی: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا قُمْتُمْ إِلَى الصَّلَاةِ......﴾ حافظ ابن حجر ؒ نے بھی امام بخاری ؒ کے اس رجحان کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ (فتح الباري:260/1)