تشریح:
1۔ ایک روایت میں اس کی مزید تفصیل ہے حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضرت مقداد بن اسود ؓ سے ایک ایسی بات سنی ہے کہ اگر وہ بات میری زبان سے ادا ہوتی تو میرے لیے کسی بھی چیز کے مقابلے میں زیادہ عزیز ہوتی۔ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے جبکہ اس وقت آپ مشرکین کے خلاف بد دعا کر رہے تھے انھوں نے عرض کی: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! ہم وہ بات نہیں کہیں گے جو حضرت موسی ؑ کی قوم نے کہی تھی: "جاؤ تم اور تمھارا رب ان سے جنگ کرو۔" بلکہ ہم آپ کے دائیں بائیں آگے پیچھے ہو کر لڑیں گے۔ میں نے دیکھا کہ یہ بات سن کر رسول اللہ ﷺ کا چہر انور چمکنے لگا اور آپ بہت خوش ہوئے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:3952)
2۔ دراصل ہوا یہ تھا کہ رسول اللہ ﷺ قریش کے ایک قافلے کی خبر سن کر مدینہ طیبہ سے نکلے تھے لیکن قافلہ تو بحفاظت نکل گیا البتہ کفار مکہ سے لڑائی ٹھن گئی جس میں کفار ایک جارح کی حیثیت سے تیار ہوکر آئے تھے۔ اس نازک مرحلے پر رسول اللہ ﷺ نے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین سے جنگ کے متعلق مشورہ کیا تو سب نے آپ کو تسلی دی اور جنگ پر آمادہ گی کا اظہار کیا انصار نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر آپ برک الغماد نامی دور دراز جگہ تک ہمیں جنگ کے لیے لے جائیں گے تو بھی ہم آپ کے ساتھ چلنےاور جان و مال سے لڑنے کے لیے حاضرہیں۔
3۔ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت سعد بن معاذ ؓ نے بھی وہی بات کہی جو حضرت مقداد ؓ نے کہی تھی ممکن ہے کہ حضرت سعد بن معاذ اور حضرت مقدادؓ دونوں نے ویسا کہا ہو۔ بہر حال اس سے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی جاں نثاری اور وفاداری کا پتہ چلتا ہے۔