تشریح:
1 ۔ادھر ادھر کا جوایک فقرہ سن لیا جاتا ہے تو اس کے متعلق اللہ تعالیٰ نہیں چاہتا کہ اس کی قطعاً بندش کردی جائے۔ وہ چاہتا تو اس سے بھی روک سکتا تھا مگر یہ بات اس کی حکمت بالغہ کے مطابق نہ تھی آخر اللہ تعالیٰ نے انھیں دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے طویل مہلت دی ہے اور گمراہ کرنے والے اسباب وسائل پر دسترس دی ہے۔ حالانکہ اللہ کو معلوم ہے کہ یہ شیاطین گمراہ کرنے اور بھٹکانے سے باز نہیں آئیں گے اس میں کچھ نہ کچھ حکمت تسلیم کرنا پڑےگی اس طرح ایک آدھی بات سننے میں بھی کوئی حکمت ضرور ہو گی۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ شیاطین ہزروں کی تعداد میں ان شہابوں سے ہلاک ہوتے رہتے ہیں لیکن پھر بھی اپنی کوشش کو جاری رکھے ہوتے ہیں جیسا کہ کوہ ہمالیہ کی چوٹی سر کرنے والے اپنی جان سے ہاتھ دھوتے رہتے ہیں لیکن یہ انجام دیکھ کر دوسرے اس کام کو ترک نہیں کرتے۔ واللہ اعلم۔ اس کی مزید تفصیل سورہ سبا آیت23: کی تفسیر میں آئے گی۔