تشریح:
1۔ سورۃ الفاتحۃ کی سات آیات ہیں جو ہر نماز میں بار بار پڑھی جاتی ہیں۔ نماز کی ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کا پڑھنا ضروری ہے خواہ امام یا مقتدی نماز فرض ہو یا نفل سورۃ فاتحہ پڑھے بغیر نماز نہیں ہوتی جیسا کہ دیگر احادیث میں اس کی صراحت ہے۔
2۔ سورۃ الفاتحہ کو قرآن عظیم اس لیے کہا گیا ہے کہ اس میں پورے قرآن کی تعلیم کا خلاصہ آگیا ہے گویا سمندر کوکوزے میں بند کردیا گیا ہے۔ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی معرفت اور اس کی حمدو ثنا پھر روز جزا میں سزا و جزا کا جامع بیان اس کے بعد شرک کی تمام اقسام سے کل اجتناب کا اقرار اور ہر قسم کی مدد اللہ سے مانگنے کا عہد آخر میں صراط مستقیم کا تعین اوراسے اختیار کرنے کی طلب و دعا یہی مضامین قرآن مجید میں اجمال اورتفصیل سے بیان ہوئے ہیں اور ان کے بیان کے لیے مختلف اندازاختیار کیے گئے ہیں بلکہ اس سورت کا مزید اختصار ﴿إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ﴾ ہے تفصیل کی یہاں گنجائش نہیں ہے۔ واللہ المستعان۔